’سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں‘


ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، بنگلہ دیش کو پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہم اس سے قبل پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے مطمئن نہیں تھے اس لئے ہمارا یہی مؤقف تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو سیکیورٹی انتظامات پاکستان نے فراہم کئے اس سے زیادہ پیش کرنا واقعی ناممکن ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران کسی کھلاڑی یا کوچنگ عملے سے کوئی شکایت نہیں ملی جس کے بعد ٹیسٹ سیریز سے انکار کی کوئی وجہ نہیں رہی۔ ہم پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم سے اس طرح کی کارکردگی کی توقع نہیں تھی، یقین نہیں آ رہا کہ بنگلہ دیش اتنی بری کرکٹ کھیلی۔

یاد رہے پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو دو صفر سے شکست دے دی تھی۔

 


متعلقہ خبریں