پنجاب کو 9 گھنٹے بعد گیس کی فراہمی بحال


صادق آباد: قادرپورگیس فیلڈ سے پنجاب کو 9 گھنٹے بعد گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق صادق آباد میں سندھ سے پنجاب آنے والی گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹنے کے سبب آگ لگ گئی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔

صادق آباد میں نوازآباد ماہی چوک کے قریب  36انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی تھی جس کے سبب قریبی آبادیوں کو خالی کروا لیا گیا تھا۔

گیس پائپ لائن قادر پور سے پنجاب جارہی ہے جو 8فٹ گہرائی میں تھی جس کے پھٹنے سے لگنے والی آگ نے قریبی فصلوں کو  بھی اپنی لپیٹ میں  لے لیا۔ آگ لگنے سے چار ایکڑ سے زائد گنا کی فصل جل کر راکھ ہوگئی۔

ریسکیو عملے نے چار گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا لیکن 9 گھنٹے تک پنجاب  کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی بند رہی۔ آگ بجھانے کے عمل میں پاک فوج، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں  نے حصہ لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے


متعلقہ خبریں