لاہور: پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا بلاوا آگیا۔ سپر میسی آف پارلیمنٹ گروپ کو عشائیہ پہ مدعو کرلیا گیا ہے۔
عمران خان کا فیصلہ عثمان بزدار کو برا لگ گیا: ناراض اراکین کا گروپ تشکیل دے دیا
ہم نیوز کو انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناراض اراکین کو عشائیہ پہ مدعو کیا تو انہوں نے ملاقات کا ایجنڈا بھی تیار کرنا شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سے ہونے والی ملاقات میں سپر میسی آف پارلیمنٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے اراکین بیوروکریسی سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ کے اراکین وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے فنڈز کے اجرا جلد کرنے اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل جلد از جلد کرانے پر زور دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے دیے جانے والے عشائیہ میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے 20 اراکین پنجاب اسمبلی شرکت کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب سے تعلق رکھنے والے تقریباً 20 اراکین صوبائی اسمبلی نے ناراض گروپ تشکیل دیا ہے جس کا نام سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ رکھا گیا ہے۔
وزیراعظم کا اتوار کو دورہ لاہور کا امکان
ہم نیوز اس ضمن میں پہلے ہی خبر دے چکا ہے کہ سپرمیسی آف پارلیمنٹ گروپ کو دراصل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی پشت پناہی حاصل ہے اور انہی کی ایما پہ گروپ تشکیل پایا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ناراض اراکین کو اس وقت منانے کے لیے عشائیہ پہ مدعو کیا ہے جب کہ اتوار کے روز وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔