کراچی: سندھ کابینہ نے سید کلیم امام کی جگہ غلام قادر تھیبو کو انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
ہم نیوز کے مطابق نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کے لیے وفاق کو خط لکھا جائے گا۔
سندھ کابینہ کے مطابق غلام قادر تھيبو اچھی شہرت کے افسر ہيں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم پولیس کو سیاسی نہیں بنانا چاہتے۔
صوبائی وزراء کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ پولیس کمانڈر کو سیاسی بیانات نہیں دینے چاہئيں، جس پوليس افسر کو سياست کا شوق ہے وہ سياست کرے۔
گزشتہ ماہ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے اے آئی جی ڈاکٹر خادم رند کےخلاف وزیراعلی کو شکایات ارسال کی تھیں۔
ہم نیوز کی جانب سے حاصل کی جانے والی دستاویزات کے مطابق آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ سے اس حوالے سے تحریری درخواست کی۔
آئی جی پولیس کلیم امام نے افسران کی درجہ بندی میں خادم رند کو سب سے نیچے رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت اور آئی جی سندھ پھر آمنے سامنے
کچھ ماہ قبل کلیم امام نے انکشاف کیا تھا کہ میں بھی کراچی میں رہتا ہوں اور میرے بھائی، بھتیجے اور ساس کو بھی لوٹا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں بڑے جرائم کو تو کم کر دیا ہے لیکن اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ ہے جس کی وجوہات الگ الگ ہیں جن کا سدباب کرنا ضروری ہے۔ اسٹریٹ کرائم کے پیچھے بے روزگاری کا بھی عنصر موجود ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ایک سال میں اچھے لوگوں کو تعینات کیا ہے اور اب سندھ پولیس میں 99 فیصد لوگ میرٹ پر لگے ہوئے ہیں لیکن کبھی اچھے کھلاڑی بھی اسکور نہیں کر پاتے۔