دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو سال کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ 2019 کا سال بین اسٹوکس کے کریئر کا سب سے اچھا سال تھا جس کے دوران انہوں نے عالمی کپ کے فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
آئی سی سی پینل نے متفقہ طور پر اسٹوکس کو گیری سوبرز ٹرافی سے نوازا۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں انگلش آل راؤنڈر نے اسے اپنے ایک بہت بڑا اعزاز قرار دیا۔
اسٹوکس نے 2019 کے دوران 20 ایک روزہ میچز میں 719 رنز اور 12 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 11 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے 824 رنز اور 22 وکٹیں بٹوریں۔
بھارتی اوپنر روہت شرما کو سال کا بہترین ون ڈے کرکٹر قرار دیا گیا جبکہ کپتان ویرات کوہلی کو ’اسپرٹ آف کرکٹ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
جب آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کو ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا تب کوہلی نے انہیں خاموش کرانے کی کوشش کی تھی۔
اسمتھ بال ٹیمپرنگ کے مرتکب قرار دیے گئے تھے اور ان پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ کوہلی کو آئی سی سی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی بنایا گیا۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو سال کا بہترین ٹیسٹ کھلاڑی جبکہ مارکس لبوشین کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی بڑا ایوارڈ حاصل نہ کرسکا تاہم ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کو ایک روزہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
آئی سی سی ون ڈے ٹیم:
روہت شرما، شے ہوپ، ویرات کوہلی (کپتان)، بابر اعظم، کین ولیم سن، بین اسٹوکس، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، مچل اسٹارک، ٹرینٹ بولٹ، محمد شامی، کلدیپ یادیو۔
آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی جگہ نہ بنا سکا۔
ماینک اگروال، ٹام لیتھم، مارکس لبوشین، ویرات کوہلی (کپتان)، اسٹیو اسمتھ، بین اسٹوکس، بی جے واٹلنگ (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، نیل ویگنر، نیتھن لائن۔