2019 پاکستانی ڈراموں کے لیے بڑی تبدیلی لایا، اس برس ہم ٹی وی نے خاص، عشق زہے نصیب، عہد وفا اور انکار جیسے ڈراموں کے ذریعے چھوٹی اسکرین کو نیا رنگ و روپ دیا۔
گزشتہ برس کی طرح 2020 میں بھی ہم ٹی وی منفرد اور اچھوتے موضوعات، خوبصورت اداکاری اور شاندار ڈائرکشن کے ذریعے کئی اہم ڈرامے پیش کرنے جا رہا ہے۔ اگرچہ یہ فہرست طویل ہے تاہم چند بڑے ڈراموں کی تفصیل یہ ہے۔
پیار کے صدقے
اس منفرد، مزاحیہ اور عمدہ موسیقی پر مبنی ڈرامے کے ٹیزر سوشل میڈیا پر مقبولیت کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔ یمنیٰ زیدی، بلال عباس اور یشما گل جیسے اداکاروں کے ساتھ ہم نیوز کی یہ پیشکش اس سال کے ابتدائی ڈراموں میں شامل ہو گی جو چھوٹی اسکرین کی زینت بنیں گے۔
’’عشق زہے نصیب‘‘ اور ’’گل رعنا‘‘ جیسے ڈراموں کے روح رواں فاروق رند اس کے ڈائرکٹر ہیں جبکہ زنجبیل عاصم نے اس کا پلاٹ تحریر کیا ہے۔
ٹیزرز میں عتیقہ اوڈھو عمیر رانا بھی موجود ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ڈرامے میں کوئی پیچیدہ کردار ادا کر رہے ہیں۔
مشک
بہت سی وجوہات کے باعث مشک 2020 کا ایسا ڈرامہ ہے جس کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔
سب سے پہلی بات یہ ہے کہ عمران اشرف اس ڈرامے کے مصنف اور ہیرو ہیں۔ انہوں نے پہلے ہی بھولے کے کردار کو اسقدر شاندار طرز پر نبھایا ہے کہ یہ پاکستانی ڈراموں کا لازوال کردار بن گیا ہے۔
اس ڈرامے کے ذریعے ماورا حسین نے ایک طویل عرصے بعد ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گی۔ 2016 میں ’’اڈاری‘‘ کے بعد وہ چھوٹی اسکرین سے غائب رہی ہیں۔
ان سے سے بڑھ کر یہ کہ تجربہ کار ڈائرکٹر احسن طالش اس تمام پراجیکٹ کو دیکھ رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ’’الف، اللہ اور انسان‘‘ اور ’’سنو چندا‘‘ جیسے ایوارڈ یافتہ ڈرامے عوام کو پیش کیے ہیں۔ ان کی حالیہ کاوش ’’یہ دل میرا‘‘ احسن طالش کی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
View this post on Instagram
احسن طالش کا کہنا ہے کہ ’’مشک‘‘ محبت کے موضوع پر ایک اچھوتا ڈرامہ ہے جس کا ایک پہلو محبت کو چھپانا یا اس سے کترانا بھی ہے۔ تاہم اس خوشبو سے فرار ممکن نہیں اور یہی ’’مشک‘‘ کا اصل موضوع ہے۔
ہم اسپاٹ لائٹ میں عمران اشرف نے بتایا کہ انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ لکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ کچھ عرصے سے وہ مشک پر کام کر رہے تھے۔ یہ ڈرامہ جسقدر مشک کے بارے میں ہے اتنا ہی عشق کے متعلق بھی ہے۔
عمران اشرف نے بتایا کہ انہوں نے احسن طالش کے ساتھ مل کر ایک ایسا ڈرامہ تخلیق کیا ہے جس میں فن کی لطافت بھی موجود ہے اور جو کمرشل بنیادوں پر بھی پسند کیا جائے گا۔
ثبات
اس ڈرامے کے ذریعے ہم ٹی وی کی اسکرین پر پہلی بار عثمان مختار اور سارہ خان اکٹھے آ رہے ہیں۔ اگرچہ ابھی اس پر ابتدائی کام ہوا ہے جس کے باعث کہانی کے متعلق زیادہ معلومات نہیں ہیں لیکن یہ علم ہوا ہے کہ عثمان ڈاکٹر حارث کا کردار نبھائیں گے جبکہ سارہ کا کردار مارال کا ہو گا۔
اس ڈرامے کے ڈائرکٹر شہزاد کشمیری ہیں جو اس سے قبل انا، بن روئے اور یقین کا سفر جیسے ڈراموں کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔
کشف
عشق تماشا کے بعد ہم ٹی وی کے لیے جنید خان بھرپور طریقے سے واپس آ رہے ہیں اور اس بار ڈرامہ کشف کے ذریعے ان کی صلاحیتوں سامنے آنے والی ہیں۔ اپنے نوجوان چہرے کے ساتھ اس ڈرامے میں وہ کیا قیامت ڈھاتے ہیں، یہ ابھی دیکھنا باقی ہے۔
حرا مانی بھی اس ڈرامے میں جنید خان کے ساتھ آ رہی ہیں۔ ان دونوں کے درمیان موجود کیمسٹری غیرمعمولی نوعیت کی ہے جبکہ یہ جوڑی کئی برسوں سے مداحین کے دلوں میں سمائی ہوئی ہے۔
کشف کے ڈائرکٹر دانش نواز ہیں جو گزشتہ برس ہم ٹی وی کے لیے ’’خاص‘‘ کے ذریعے ایک خاص پیشکش سامنے لائے تھے۔ اس دفعہ انہوں نے اپنی زنبیل میں کیا چھپایا ہوا ہے، اسے معلوم کرنے کے لیے ڈرامے کا انتظار کرنا ہو گا۔
اس سب کے علاوہ سمیع خان، کنزا ہاشمی، علی سفینہ، ہاجرہ یاسمین اور کئی دیگر اداکار ہم ٹی وی کے مختلف ڈراموں میں جلوہ گر ہوں گے۔