وزیراعظم نے اضاخیل میں ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا


نوشہرہ:  وزیراعظم عمران خان نے جمعے کے روز اضاخیل میں 28 ایکڑ پر محیط ڈرائی پورٹ کا افتتاح کردیا

ڈرائی پورٹ کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈرائی پورٹ سے تجارت بڑھے گی اور نوشہرہ کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اضاخیل ڈرائی پورٹ 2006 سے بن رہا تھا، لیکن ہماری حکومت نے اسے مکمل کیا۔ ڈرائی پورٹ کی بروقت تکمیل پر وزیر ریلوے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ نوشہرہ والوں میں سیاسی شعور ہے اس لیے پی ٹی آئی کو ووٹ دیتے ہیں۔ انگریز پاکستان کو ریلوے کا زبردست نظام دے کر گیا۔ انگریزوں کے جانے کے بعد پٹڑیاں کم ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومتیں خاص طبقے کے لیےآئیں۔ ملک میں امیراورغریب کے لیے الگ نظام تھا۔ ریلوے غریب طبقے کے لیے ہے۔ ایم ایل ون سے پاکستان میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ ایم ایل ون مکمل ہونے کے بعد کراچی سے پشاور کا سفر 8 گھنٹے میں ہوگا۔ ایم ایل ون کے آنے سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریلوے نے گزشتہ 5 سال کے مقابلے 5 ارب روپے زیادہ پیسہ کمایا ہے۔ ریلوے کو اب پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت سفارشی نظام اور کرپشن کےخلاف ہے۔ کرپشن کے خلاف پرائم منسٹر پورٹل پر شکایت کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں کو کمرشل کریں گے اورخسارہ پورا کریں گے۔ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ کوشش ہے تمام پالیسیاں کمزور طبقے کو اوپر اٹھائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کمزور طبقے کے لیے190 ارب روپے کا احساس پروگرام لائے ہیں۔ تاریخ میں سب سے زیادہ اسکالرشپس اور قرضے دےرہے ہیں۔ غریب خاندان کو احساس صحت کارڈ دیں گے

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم کے ذریعے50 لاکھ گھر بنا رہے ہیں۔نیا پاکستان ہاوَسنگ سوسائٹی سے 40 صنعتیں شروع ہوجائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیائے خوردونوش سستی کی ہیں۔ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے لیے پالیسی بنائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ  ریلوے کی آمدن میں گزشتہ سال 10 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ریلوے میں 70 لاکھ مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں پہلی بار فری ٹریک پالیسی متعارف کرائی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ رواں ماہ 11 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کو دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے نے اپنا ریونیو بڑھایا ہے۔ جس دن ایم ایل ون شروع ہوا ایک لاکھ افراد کو روزگار ملےگا۔ ریلوے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم لائیں گے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ نوشہرہ کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور عوامی مینڈیٹ دیا ہے۔ اگلے چند برسوں میں نوشہرہ کے تمام مسائل حل کریں گے۔

پرویزخٹک نے کہا کہ  جب ڈرائی پورٹ پر کام شروع ہوا تو ہماری حکومت نہیں تھی۔ شیخ رشید سے درخواست ہے ڈرائی پورٹ کا نام پیربائی اضاخیل ڈرائی پورٹ رکھ دیں۔

وزیردفاع نے کہا کہ نوشہرہ اور پشاور میں کئی ریلوے پھاٹک ریگولرائز نہیں ہیں۔ وزیر ریلوے سے درخواست ہے کہ ریلوے پھاٹک ریگولرائز کرائیں۔

پرویزخٹک نے کہا کہ اضاخیل میں ائیر یونیورسٹی بنارہے ہیں۔


متعلقہ خبریں