سولہ سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ منجدھار میں پھنس گئے


لاہور: سولہ سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ منجدھار میں پھنس گئے ہیں، ٹیم مینجمنٹ فیصلہ نہ کرسکی کہ انہیں سینئر ٹیم کے ساتھ  رکھا جائے یا انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھلایا جائے۔

ہیڈکوچ انڈر 19 ٹیم اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو نسیم شاہ کو ریلیز کردینا چاہیے۔ نسیم شاہ کو ریلیز نہیں کیا جاتا تو پلان بی تیار ہے۔ 25 دن سے انڈر 19 ٹیم کا کیمپ جاری ہے۔

اعجاز احمد کا کہنا ہے میری گزارش ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے نسیم شاہ کو ریلیز کیا جائے۔ مصباح الحق جانتے ہیں کہ انڈر 19 ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کتنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف دو ٹی ٹوئنٹی کے لیے روکنا ہے تو بہتر ہے ورنہ نسیم کو ریلیز کردیں۔ نسیم شاہ کے ٹیم میں آنے سے نوجوان کرکٹرز کو فائدہ ہوگا۔

اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہت ساری آپشن ہیں۔ وہاب، عامر، شاہین، شنواری اور موسی خان بھی ٹی ٹوئنٹی کھیلتے ہیں۔

قومی ٹیم کی بنگلہ دیشن کیخلاف سیریز تاحال فائنل نہ ہوسکی ہے۔ پاکستان کرکٹ کونسل (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کو 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے جبکہ انڈر 19 ورلڈ کپ 17 جنوری سے 10 فروری تک جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش نے حامی بھری تو ٹیسٹ میچز فروری کے پہلے ہفتے میں ہونگے تاہم اب تک کی اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کے خبر رساں ادارے کے مطابق بی سی بی صدر ناظم الحسن کی بورڈ ممبران سے ملاقات ہوئی ہے جس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ناظم الحسن نے سینئر بنگلہ دیشی کرکٹرز مشفیق الرحیم اور محمود اللہ ریاض سے بھی ملاقات کی۔

ملاقاتوں کے بعد صدر بی سی بی کا کہنا تھا بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گا، کوچنگ اسٹاف پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلیے تیار ہیں مگر سینئر پلیئرز سے بات کرینگے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مثبت اشارے ملے ہیں، حال ہی میں ہماری ٹیموں نے دورہ پاکستان کیا لیکن سیکیورٹی پر سوالات نہیں اٹھائے گئے۔

 

 

 


متعلقہ خبریں