چوہدری نثار کا مستقبل پارٹی طے کرے گی، احسن اقبال


اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کے مستقبل کا فیصلہ پارٹی (ن لیگ) قیادت مشاورت سے کرے گی۔

بدھ کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں سی پیک کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف یہ واضح کر چکے ہیں کہ اب فیصلے ن لیگ کے مفاد کے پیش نظر کئے جائیں گے۔

قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا کو پر امن بنانا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے۔

وزیرداخلہ نے عالمی اقتصادی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا معیشت کو مدنظر رکھ کر اہم فیصلے کر رہی ہے۔ سی پیک پاکستانی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں صنعتی زون قائم کیے جارہے ہیں، چین پاکستان کے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے خطے میں تاجروں اور سیاحوں کے لیے ویزے کا حصول آسان بنانا ہوگا۔ آج وہی ملک کامیاب ہے جو باہمی تعاون کے نظریے پر گامزن ہے۔ دنیا میں بیسویں صدی سیاست کی صدی تھی جب کہ اکیسویں صدی میں جنوبی ایشیا کے لوگ غربت سے چھٹکارا حاصل کررہے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے وسط ایشیاء کے ممالک تجارت کا مرکزبنیں گے۔ سی پیک معاشی ترقی کے حصول کے لیے ایک قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وسط ایشیائی ممالک کی تاریخ اور ثقافت میں بہت مماثلت ہے۔ ہماری ثقات کی جڑیں مشرق وسطی تک پھیلی ہوئی ہیں۔

حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستانی نوجوانوں کو خطے میں بولی جانے والی مختلف زبانیں سکھانے کے لئے کام جاری ہے۔


متعلقہ خبریں