اسلام آباد سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز گھنٹوں تاخیر کا شکار


اسلام آباد: اسلام آباد سے لندن جانے والی قومی ایئرلائین (پی آئی اے)  کی پرواز سات گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 785  نے  ہفتے کے دن 11 بجے اسلام آباد ائیر پورٹ سے لندن روانہ ہونا تھا، تاہم فنی خرابی کے باعث طیارے نے ابھی تک اڑان نہیں بھری ہے۔

طیارہ پچھلے کئی گھنٹوں سے اسلام آباد ائیر پورٹ پر کھڑا ہے اور پرواز میں تاخیر سے خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ موجودہ انتظامیہ پی آئی اے کے سابق بدعنوان عناصرکے ہاتھوں یر غمال بن گئی ہے‘

ذرائع کے مطابق  مسافروں کو بورڈنگ کارڈ  دے کر طیارے میں سوار کرادیا گیا۔ تاہم مسافروں کو دو گھنٹے بعد طیارے میں فنی خرابی کا بتا کر اتار دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کب روانہ ہوگی، ابھی تک کچھ معلوم نہیں۔

رابطہ کرنے پر پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے اس حوالے سے بات کرنے سے گریز کیا۔


متعلقہ خبریں