ہرارے: افغانستان نے آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) ورلڈ کپ 2019 میں شمولیت کے لیے کھیلے جانے والے ”ورلڈ کپ کوالیفائرز” میں ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس کامیابی کے بعد 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کی شمولیت کی دم توڑتی امیدیں زندہ ہوگئیں ہیں۔
ہم نیوز کے کے مطابق افغانستان کی بالنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی کھلاڑی ففٹی اننگ تک بھی نہیں پہنچ سکا۔
دو مرتبہ عالمی چمپیئن رہنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم افغان بالرز کے آگے ان کی بیٹنگ نہ چل سکی۔
افغان بالرز نے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔ نتیجتا کیریبیئن ٹیم 50 اوورز میں صرف 197 رنز کا ہدف دے سکی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغان ٹیم نے کامیابی مقررہ 50 اوورز سے پہلے ہی اپنے نام کر لی۔
محمد نبی افغانستان کے پہلے 100 وکٹیں لینے والے باؤلر بنے۔ انہوں نے یہ کامیابی بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حاصل کی۔
مجیب اور محمد نبی افغانستان کے کامیاب بالر رہے جنہوں نے دو اورتین وکٹیں حاصل کیں۔
افغان کپتان راشد خان نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجیب اور محمد نبی کی کارکردگی قابل تعریف رہی۔ ٹیم کی جیت میں ان کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ابتدائی تین میچوں میں ہم نے اچھی بالنگ اور بیٹنگ تو کی لیکن کھیل کا اختتام بہتر نہ کرسکے۔
دوسری جانب دفاعی چمپیئن اسکاٹ لینڈ 2018 کے ورلڈ کپ کوالیفائرزمیں متحدہ عرب امارات کو 73 رنز سے شکست دے کر سپرسکس میں شامل ہوگیا ہے۔