لاہور قلندرز کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ٹیمیں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے چار بجے شروع کیا جائے گا۔

ایونٹ کے اہم میچ میں پشاور کو لاہور کے خلاف کڑا امتحان درپیش ہے۔ ٹیم کو پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے قلندرز کو شکست دینا ہوگی۔

پشاور زلمی نو میچز کھیل کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب لاہور قلندرز ایونٹ میں مسلسل شکست کھانے کے بعد پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔

دوسرا میچ

ایونٹ کا 30واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

آج کھیلے جانے والے دونوں میچ ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ کراچی کنگز کو پلے آف مقابلہ کھیلنے کے لیے اسلام آباد کو شکست دینا ہوگی۔

ہار کی صورت میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی رن ریٹ کی بنیاد پر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیم کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب 29ویں میچ میں پشاور زلمی کو ہار کی صورت میں وطن واپسی کا ٹکٹ مل جائے گا۔ فتح کی صورت میں زلمی پلے آف مقابلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

ٹیم اسکواڈ پر ایک نظر

پشاور زلمی

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی قیادت کررہے ہیں۔ زلمی اسکواڈ میں کامران اکمل(وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، تمیم اقبال، حارث سہیل، ڈیوائن براوو، محمد اصغر، حسن علی، کرس جورڈن، وہاب ریاض، سعد نسیم، حماد اعظم، اینڈرے فلیچر، محمد عارف، خوش دل شاہ، شبیر رحمان، عمید آصف، ریکی ویسل، خالد عثمان، ابتسام شیخ، ثمین گل اور تیمور سلطان شامل ہیں۔

لاہور قلندرز:

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی برینڈن میکلم لاہور قلندرز کی کپتانی کر رہے ہیں۔ قلندرز اسکواڈ میں کیمرون ڈیلپرٹ، فخر زمان، سہیل اختر، کرس لین(انجری کے باعث میچ سے باہر)، عامر یامین، بلاول بھٹی، بلال آصف، اینٹن ڈیویچ، عمر اکمل، گلریز صدف، سہیل خان، سنیل نارائن، یاسر شاہ، غلام مدثر، مچل مینگلنگن، رضا حسن، مستفظرالرحمان، شاہین آفریدی، عمران خان اور دینیش رام دین شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں