فیکا نے غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دی

فیکا نے غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: کرکٹ کھلاڑیوں کی بین الاقوامی تنظیم فیکا نے پی ایس ایل سیزن تھری میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دی۔

فیکا نے یہ اجازت غیرملکی کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور اور کراچی میں میچز کیلئےمانگی گئی سیکورٹی ایڈوائس کے جواب میں دی ہے۔

فیکا ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرملکی کرکٹرز کو لاہور اور کراچی میں سیکورٹی رسک کم ہونے سے آگاہ کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فیکا ترجمان نے کہا کہ پی سی بی کے ترتیب دیے گئے سیکیورٹی پلان کے بعد کراچی اور لاہور میں میچ کھیلنا اب ممکن ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں میں شریک آسٹریلوی، کیوی، جنوبی افریقی، انگلش اور کیریبین کھلاڑیوں نے فیکا سے ایڈوائس مانگی تھی۔

دریں اثناء پنجاب حکومت نے پی ایس ایل تھری کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز اور فوج کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی پانچ کمپنیز، ایک لائٹ کمانڈو بٹالین اور دو ہیلی کاپٹرز کے لئے ریکوزیشن دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب جلد اس مطالبے کی وزات داخلہ سے منظوری لے لے گا۔

حفاظتی انتظامات کے تحت یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل میچز کے دوران فوج اور رینجرز کے جوان شہراوراسٹیڈیم میں گشت کریں گے۔

پی ایس ایل سیزن تھری کے دو میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 20 مارچ اور دوسرا 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوں گے۔


متعلقہ خبریں