’تمہاری جڑیں کٹ چکیں، اب اپنے دن گنتے جاؤ‘

ملک کو دوبارہ الیکشن کی طرف جانا ہوگا، مولانا فضل الرحمان

  • ہم پاکستان کے اندر ترقی کی شاہراہیں کھولیں گے، جے یو آئی سربراہ

بنوں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بظاہر حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری جڑیں کٹ چکیں، اب اپنے دن گنتے جاؤ۔

بنوں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد بلاوجہ نہیں گئے تھے اور ایسے ہی نہیں آئے، ہم پاکستان کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ووٹ چوری کرکے حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے لہٰذا ملک کو دوبارہ الیکشن کی طرف جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم باوقار سیاست اور حکومت کرنا چاہتے ہیں جبکہ حکمرانوں کے پاس مخالفین کو برا بھلا کہنے کے علاوہ کچھ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر الزامات  لگائے گئے اور قتل و غارت گری اور دہشت گردی سے جوڑا گیا، ہم کسی کے پیچھے چھپنے والے لوگ نہیں۔

جے یو آئی (ف) سربراہ نے کہا کہ عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےاندر کے لوگ حساب مانگتے ہیں۔

بظاہر وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ اتنا بڑا چور دوسروں کو چور کہہ رہا ہے، ان باتوں سےحکومتیں نہیں چلتیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو دوبارہ امانت واپس کرنی ہوگی، اب آپ عوام کا راستہ نہیں روک سکتے۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہم میدان میں کھڑے ہیں، آؤ میرے اور اپنے کردار کا مقابلہ کرو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں احساس ہے کہ شاہراہیں بند ہونے سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے، ہم پاکستان کے اندر ترقی کی شاہراہیں کھولیں گے۔

مظاہرے ختم کرنے کا امکان

پارٹی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ آزادی مارچ کے ’پلان بی‘ کے تحت ملک بھر میں جاری مظاہرے آج ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مظاہرے ختم کرنے کا حتمی فیصلہ آج ہونے والے رہبر کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔

ان کے مطابق ملک بھر میں جاری مظاہروں سے عوام کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرے ختم ہونے کہ بعد بھی حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں