نواز شریف کی وطن واپسی کی امید کم ہے، فواد چوہدری

کابینہ نواز شریف سے متعلق فیصلے پر اپیل کرنے پر غور کرے گی، وفاقی وزیر


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کے لندن روانہ ہونے سے عوام پر اچھا تاثر نہیں جاتا اور ان کی وطن واپسی کی امید کم ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ نواز شریف کا اس طرح جانا معاشرے کی بدقسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں دیگر بیمار قیدیوں کو بھی باہر جانے کی اجازت ملنی چاہیے، وہاں لائن لگی ہوئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دیکھتے ہیں کون کون ملک سے بھاگتا ہے، دیکھتے ہیں نوازشریف واپس آتے ہیں یا نہیں تاہم ان کے واپس آنے کی امید کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے ایسا لگتا ہے کہ عام اور خاص آدمی کےلیے الگ الگ قانون ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم پر ہم نے کیسز نہیں بنائے تھے، نواز شریف نے مجھے کیوں نکالا سے خدا کیلئے مجھے نکالو کاسفربہت جلد طے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت پر کوئی مسئلہ نہیں،اللہ انہیں صحت دے تاہم اگر وہ واپس نہیں آتے تو ان پر توہین عدالت لگے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی ویڈیو سے لگ رہا تھا کہ ان کی طبیعت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نواز شریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اپیل کرنے پر غور کرے گی، میری ذاتی رائے ہے کہ فیصلے پر سپریم کورٹ میں اپیل کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں