رائے ونڈ میں دھماکہ،نو افراد جاں بحق 20 زخمی


لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے رائے ونڈ میں بم دھماکے سے نوافراد جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق دھماکا چیک پوسٹ کےقریب ہوا۔  زخمی ہونے والوں میں پانچ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

انسداد دہشت گردی فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق شہر میں دھماکوں کے بارے میں اطلاعات موجود تھیں جس میں پولیس اور اعلیٰ سیاسی شخصیت شامل تھیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ نے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایات کی ہیں کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

چیک پوسٹ پر دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے.

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے سی سی پی اولاہور سمیت تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے اپنے ریجن اور اضلاع میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ساتھ ساتھ حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں،عبادت گاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ تمام پولیس افسران جاری کردہ سیکیورٹی ایس اوپیز پر عملد درآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے سی سی پی او لاہور کو زخمی اہلکاروں اور افسروں کو بہترین طبی امدادفراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ اور مانیٹرنگ کا عمل مزید سخت کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔


متعلقہ خبریں