’نواز شریف کیساتھ طبی عملہ اور آلات بھی جائیں گے‘

نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کا وقت ختم، جیل روانہ

فائل فوٹو


لاہور: مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف کے نجی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم 48 گھنٹوں میں علاج کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف طبیعت میں بہتری کے بعد ہی روانہ ہوں گے اور سفر کےدوران ان کے ساتھ طبی عملہ اور تمام آلات بھی جائیں گے۔

ڈاکٹر عدنان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف مکمل طبی سہولیات سے آراستہ ایئر ایمبولینس میں سفر کریں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کیلئے طبی طور پر 24 گھنٹے درکار ہیں۔

ان کے مطابق بیرون ملک فضائی سفر کے دوران پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے اور دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کیلئے ڈاکٹرز طبی احتیاط کی تیاری کریں گے۔

ڈاکٹر اس عمل کو بھی یقینی بنائیں گے کہ دوران سفر کسی ممکنہ ایسی طبی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے جو نواز شریف کی زندگی کیلئے  مہلک ثابت ہو سکتی ہو۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ ان کے چھوٹے بھائی قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہمراہ ہوں گے۔

شہباز شریف نواز شریف کی مکمل صحتیابی تک لندن میں قیام  کریں گے جبکہ وہ اپنی کمر کی تکلیف کا علاج بھی کرائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف پاکستان میں ہی رہیں گی۔


متعلقہ خبریں