کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کے معاملے پر دہری پالیسی اپنائی ہوئی ہے حکومت نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان مشتعل ہیں کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے ہر قسم کے احتجاج میں شامل ہوں لیکن پیپلز پارٹی نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کی بھرپور حمایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس جلد ہو رہا ہے جس میں احتجاج اور حمایت پر غور کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ احتجاج کا سلسلہ پر امن رہے۔ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کراحتجاج کیا جائے۔ ہم عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتے۔
شیری رحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ ہم کسی ایسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں مذہب کا کارڈ استعمال کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی معاملے پر ان کے ساتھ ہیں لیکن ہم مذہبی کارڈ کے پیچھے نہیں کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے پر حکومت کہہ رہی ہے ہم نے لچک کا مظاہرہ کیا۔ ساری دنیا میں ہی ایسا ہوتا ہے کہ آپ اپنے معالج تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور علاج کرانے کہیں بھی جا سکتے ہیں لیکن آصف زردرای کے تو ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے معاملے پر حکومت کی دہری پالیسی ہے تاہم حکومت کو کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہیے اور نواز شریف کو ریلیف ضرور ملنا چاہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ سے تو آپ ہاتھ ملاتے اور چائے پلاتے ہیں لیکن سیاسی مخالفین کے ساتھ بہت برا رویہ رکھا ہوا ہے۔ حکومت سیاسی رہنماؤں کی زندگی پر سیاست کر رہے ہیں اور ابھی تک تو ٹرائل بھی شروع نہیں ہوا۔ حکومت کی جانب سے تو پیپلز پارٹی سے محبیتں دکھائی جا رہی ہیں۔