‘جج صاحب بلائیں اور ہم نہ آئیں، ایسا تو کبھی نہیں ہوا’

عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی اپیلیں مقرر کرنے کی درخواستیں نمٹا دیں

فائل فوٹو


لاہور: چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران مریم نواز نے جج کے ساتھ مکالمے میں کہا کہ’جج صاحب بلائیں اور ہم نہ آئیں، ایسا تو کبھی نہیں ہوا’۔

احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کی ہے جس میں ن لیگ کی نائب صدر پیش ہوئیں جب کہ نوازشریف کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔

مریم نواز نے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے تو جج نے ریمارکس دیے دستخط کا مطلب ہے کہ آپ ہر سماعت پر حاضر ہوں گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایسا تو نہیں ہوا جج صاحب آپ نے بلایا ہو اورہم پیش نہ ہوئے ہوں، آج بھی میاں صاحب کی طبیعت خراب تھی مگر ان کو چھوڑ کر حاضر ہوئی ہوں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔ آج یوسف عباس  کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی گئی جب کہ آئںدہ سماعت پر مریم نواز اور نواز شریف کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں نوازشریف اور مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت منظور ہوچکی ہے۔ عدالت نے نوازشریف کو طبی بنیادوں اور مریم نواز والد کی تیمارداری کیلئے ضمانت پر رہا کیا ہے۔

چوہدری شوگر ملز کیس

نیب نے اکتوبر 2018 میں تفتیش سے پتا چلایا کہ چوہدری شوگر ملز میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہل خانہ کے علاوہ کچھ غیر ملکی بھی شراکت دار ہیں۔

ذرائع کے مطابق چوہدری شوگر ملز میں سال 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں حصص دیے گئے۔

بعد ازاں وہی حصص مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے۔

اس ضمن میں نیب نے سب سے پہلے مریم نواز کو 31 جولائی کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا اور انہوں نے 45 منٹ تک نیب ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یوسف عباس اور مریم نواز نے تحقیقات میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پہچاننے اور رقم کے ذرائع بتانے سے قاصر رہے۔

جس پر نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ان سے چوہدری شوگر ملز میں شراکت داری کی تفصیلات اور مالیاتی امور کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بعد ازاں 8 اگست کو ہی قومی احتساب بیورو نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو گرفتار کر کے نیب ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں