لاہور: صوبہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور بی بی مریم نواز کو ضمانتوں کی شکل میں انصاف ملا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم کو اذیت پہنچانے کے لیے مقدمات بنائے گئے تھے۔
سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے گھر دھماکہ
ہم نیوز کے مطابق وہ سروسز اسپتال لاہور کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی عیادت کے لیے حاضر ہوئے تھے لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح میاں صاحب کی بیماری کا مذاق اڑا گیا وہ نہایت قابل افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ پر اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور ایسے وقت میں میری جماعت اور میں ان کے ساتھ ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے امیر حیدر خان ہوتی کی آمد کی اطلاع ملنے پر اسپتال کے اندر سے خوش آمدیدی گلدستہ بھیجا گیا اور ان کی آمد پرشکریہ بھی ادا کیا گیا۔ انہیں گلدستہ رکن قومی اسمبلی پرویز ملک اور دیگرپارٹی رہنماؤں نے پیش کیا۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں اے این پی کے رہنما نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ ملاقات کی اجازت نہیں ملے گی لیکن میاں صاحب سے تعلق بہت پرانا ہے اس لیے عیادت کی خاطر حاضر ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی بیماری کے حوالے سے میں اور میری جماعت دونوں بہت پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نیک خواہشات لے کر حاضر ہوا تھا۔
ہم نیوز کے مطابق امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ میاں صاحب کی ضمانت دراصل انصاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیل نہیں ہے کیونکہ اگر ڈیل کرنی ہوتی تو میاں صاحب بہت پہلے کرلیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بیمار اہلیہ کو بھی چھوڑ کر پاکستان آئے اور تمام چیزوں کا سامنا کیا۔
رکاوٹیں ڈالیں یا گرفتاریاں کیں تو پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہوگا، اے این پی
ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ کے پی امیر حیدرخان ہوتی کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب! کو دھرنے کے معاملے پر ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا لیکن خیر! اس حوالے سے اسلام آباد میں اجلاس جاری ہے دیکھیں کیا فیصلہ ہوتا ہے؟