پنجاب کا خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل کھولنے کا فیصلہ

Flour rates

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خیبرپختونخوا کیلئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک پنجاب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ خیبرپختونخوا کی ضروریات کو پورا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں بسنے والے بہن بھائیوں کیلئے خیرسگالی کے جذبے کے تحت آٹے کی ترسیل بحال کر رہے ہیں اور اس پر مسلسل نظر بھی رکھی جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں صوبوں کے درمیان مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی ہے جو آٹے کی ترسیل کے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کرے گی۔

وزیر خوراک کے پی قلندر خان لودھی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام خیبرپختونخوا کی آٹے کی ضروریات پورا کرنے میں ممدود معاون ثابت ہوگا۔

مذکورہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان لودھی اور سیکرٹری خوراک کے پی کے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خزانہ، اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلی نے شرکت کی۔

خیال رہے چند روز قبل  پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دیگر صوبوں کو گندم کی ترسیل پر پابندی سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی آٹا بنانے والی ملیں متاثر ہوں گی۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلور مل انڈسٹری اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے 80 فیصد گندم پنجاب کی اوپن مارکیٹ سے خریدتی ہے۔


متعلقہ خبریں