فضل الرحمان کی گرفتاری کیلئے درخواست دائر

فائل فوٹو


لاہور: جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر ہوگئی ہے۔

ایڈوکیٹ ندیم سرور نے جے یو آئی سربراہ کی  گرفتاری اور ان کے خلاف بغاوت کی کارروائی کرنے کی درخواست دائر کی ہے جس میں مولانا فضل الرحمان اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی تقاریر سے لوگوں کو اکسا رہے ہیں جس سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے۔

عدالت میں دائر درخواست کے متن میں درج ہے کہ جے یو آئی(ف) کے رہنما نے بیان دیا کہ آزادی مارچ کے شرکا وزیر اعظم ہاوس جا کر عمران خان کو گرفتار کر سکتے ہیں، جو لوگوں کو ریاست کے خلاف اکسانے اور بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف بغاوت کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ جمیت علمائے اسلام کے سربراہ نے یکم نومبر کی تقریر میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے دو دن کی مہلت دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور امن کے دائرے میں ہیں وگرنہ انسانوں کا یہ سمندر اس بات کی قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گرفتار کرسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں