اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا جو آزادی مارچ کو دھرنے میں بدلنے پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس صدر ن لیگ شہباز شریف کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پر ہوگا جس میں پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایات کے تحت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دھرنے میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
آزادی مارچ جمعرات کو اسلام آباد پہنچا۔ ایک روز بعد جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دینے کے لیے دو روز کی مہلت دی تھی جو آج ختم ہورہی ہے جبکہ آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
ادھر جے یو آئی (ف) کے اہم اجلاس میں آزادی مارچ کے ’پلان بی‘ پر بھی مشاورت کی گئی جس میں اسلام آباد لاک ڈاؤن، ملک گیر پہیہ جام، ملک گیر شٹر ڈاؤن، صوبائی و ضلعی سطح پر لاک ڈاؤن شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) سربراہ حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں کے رویے پر مشکل کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان رہبر کمیٹی کی تجاویز اور کارکنوں کے جذبات کی کشمش میں پھنس گئے ہیں۔
آج سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ میرے منہ سے تین الفاظ یعنی این آر او سننا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے حزب اختلاف کا نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب تک میں زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ان کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، ملک ترقی کی راہ پر نہیں آسکتا۔