بار اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گی، فردوس اعوان

Firdos Ashiq Awan

اسلام آباد: وزیراعظم کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کورٹ کے حالات نے ان کی آنکھیں کھول دی ہیں اب وہ بار اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے ہائی کورٹ کے حکم پر اسلام آباد کی ضلعی عدالت کا دورہ کیا جہاں ججز، وکلا اور سائلین کو پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا۔

فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ وہ 20 سالہ سیاست میں کبھی عدالت نہیں گئیں، چیف جسٹس کی شکر گزار ہوں جنہوں نے کچہری کا دورہ کرنے کا موقع دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ججز کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک اچھا ماحول ملنا بہت ضروری ہے، مشکل ترین حالات میں کام کرنے والے ججز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

وزیراعظم کی مشیر نے کہا صدرڈسٹرکٹ بارکویقین دلاتی ہوں حکومت کےسامنےآپ کی ترجمان بنوں گی، عدالتیں مشکل حالات میں لوگوں کوانصاف دینےمیں مصروف ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا حکومت 1830کے بنے ہوئے قوانین میں اصلاحات کےلیے کوشاں ہے اور عمران خان کی پہلی ترجیح انصاف کی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کوئی ریفارم اس وقت تک یقینی نہیں بنائی جا سکتی جب تک تمام فریقین کا کردار نہ ہو، میرے اور معاشرے کے دیگر طبقات کا ستایا ہوا شخص ان عدالتوں میں آتا ہے جب اسے ان عدالتوں سے بھی انصاف نہ ملے تو وہ مایوس ہوتا ہے اور مایوسی کفر ہے۔


متعلقہ خبریں