اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ دوست اور وزیر خارجہ کے ماموں زاد بھائی عاشق حسین کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے ایک پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عاشق قریشی برے وقت میں ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے۔
وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ عاشق قریشی پہلے شخص تھے جنہوں نے شوکت خانم اسپتال بنانے میں میرا ساتھ دیا۔
ماضی کے جھروکوں میں جھانکتے ہوئے وزیراعظم نے تحریر کیا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی تشکیل کا مرحلہ آیا تو انہیں بطور بانی رکن شانہ بشانہ پایا، عاشق قریشی پی ٹی آئی کے بانی رکن تھے۔
ہمدمِ دیرینہ عاشق قریشی کی گزشتہ شب رحلت سینہ چھلنی کرگئی۔آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ انہیں ساتھ ہی پایا۔شوکت خانم کی بنیاد ڈالنے لگا تو وہ ساتھ تھے، تحریک انصاف کی تشکیل کامرحلہ آیا تو بطور بانی رکن انہیں شانہ بشانہ پایا۔ایک شریف النفس/عظیم انسان کے طور پر انکا ذکر زندہ رہے گا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 1, 2019
وزیراعظم نے پیغام میں لکھا کہ عاشق قریشی ایک عظیم انسان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
یاد رپے کہ آج صبح وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ماموں زاد بھائی نواب عاشق حسین قریشی حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔
ان کی نماز جنازہ لاہور میں بروز ہفتہ 11 بجے دن اور ملتان میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
نواب عاشق حسین سابق گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب نواب صادق حسین قریشی کے بڑے صاحبزادے تھے۔
مرحوم کو حضرت غوث بہاؤالدین ذکریا کے بعد دربار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔