اسلام آباد: محکمہ موسمیات جمعے کے روز سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے چند علاقوں میں بونداباندی جب کہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بحیرہ عرب کے ساحلی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جب کہ کشمیر اور گلگت میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ شب سے سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں اور جمعے کے روز بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جس میں زیادہ سے زیادہ تین درجے اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلات، خضدار، سبی، نصیر آباد، زیارت، مکران، گوادر اور لسبیلہ میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی / گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا تاہم بہاولپور، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا اور راولپنڈی کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
جمعے کے روز سندھ بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا تاہم سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، نواب شاہ، میرپورخاص، حیدرآباد اور کراچی میں بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی امید ہے۔
خیبر پختونخوا، گلگت اور کشمیر میں کہیں کہیں پر مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔