مصباح کو تینوں عہدوں پر  فوری کام سے روکنے کیلئے درخواست دائر

سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق میں کورونا وائرس کی تصدیق

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ  مصباح الحق کو ہیڈ کوچ سمیت تینوں عہدوں پر  فوری کام سے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔

علی زاہد بخاری ایڈووکیٹ نےپاکستان کرکٹ بورڈ کو فریق بناتے ہوئے درخواست  دائر کی ۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ  مصباح الحق کے پاس ہیڈ کوچ سمیت تین عہدے ہیں، تینوں عہدوں کے لیے مصباح الحق کے پاس کوئی تجربہ نہیں ہے ۔

عدالت سے استدعا کی کی گئی ہے کہ مصباح الحق کو فوری طور پرکام سے روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ستمبر کے اوائل میں  تین سال کے لئے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سیلکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ تعینات کر دیا تھا۔

اس ضمن میں پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی ٹیم کے لئے مقرر کردہ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہو گی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل مصباح الحق کو قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں دینا ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کرکٹ کے لئے بہت اہم ہیں۔ قومی ٹیم کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، آئندہ سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس 2020،2021 میں شرکت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو اعتماد ہے مصباح الحق کی زیر نگرانی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سالوں میں بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:پی سی بی نے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سیلکٹر مقرر کر دیا


متعلقہ خبریں