لاہور: برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے دورہ لاہور کے حوالے سے ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ ٹریفک پلان کی مکمل نگرانی ایس پی سٹی و صدر ڈویژن کریں گے۔
برطانوی شاہی جوڑا چترال پہنچ گیا
ہم نیوز کے مطابق شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مال روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، راوی روڈ اور مینار پاکستان کی جانب سفر کرنے سے پہلے رہنمائی ضرور حاصل کرلیں۔
ایس پی ٹریفک سٹی و صدر ڈویژن کی زیر نگرانی ترتیب دیے جانے والے ٹریفک منصوبے کے تحت دس ڈی ایس پیز، 40 انسپکٹرز اور 600 سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق سیکورٹی وجوہات کی بنا پر حج ٹرمینل سے پل نہر مال روڈ، کینال روڈ، فیروزپورروڈ، مولانا شوکت علی روڈ اور راوی روڈ و مینار پاکستان پر بوقت ضرورت ٹریفک کو بند کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شاہی مہمانان کی آمد و رفت کے بعد ٹریفک کو معمول کے مطابق رواں دواں رکھا جائے گا لیکن وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران ہر طرح کے ٹریفک کو روک دیا جائے گا۔
برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں کیا کرے گا
ہم نیوز کے مطابق پولیس حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بھی معزز مہمانان کی سیکورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں اور غیر ضروری بحث و مباحثے میں الجھنے سے اجتناب برتیں۔