ہنڈا اور ٹیوٹا کے پروڈکشن پلانٹ اکتوبر میں بھی بند رہیں گے


اسلام آباد: مالی سال 2019 20 کی پہلی سہ ماہی میں فروخت میں 39 فی صد کمی کے بعد ٹیوٹا انڈس اور ہنڈا اٹلس نے اکتوبر میں بھی اپنے پروڈکشن پلانٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سال 2019  کی شروعات سے ہی گاڑیوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا جس کے باعث گاڑیوں کی فروخت پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنڈا اور ٹیوٹا اپنے پروڈکشن پلانٹس اکتوبر میں بھی بالترتیب 15 اور 18 دن کے لیے بند رکھیں گے۔

آٹو انڈسٹری میں عدم استحکام نے جہاں ہنڈا اور ٹیوٹا پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں وہیں پاک سوزوکی اس صورت حال سے بالکل بھی متاثر نہیں ہوئی۔

2019 میں پاک سوزوکی نے آلٹو کا نیا ماڈل متعارف کرایا، ویگن آر کی مستقل فروخت نے بھی اس کمپنی کے بزنس کا گراف نیچے نہیں آنے دیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ درمیانے سائز کی گاڑیاں بڑی تعداد میں فروخت ہوتی رہی ہیں مگر عوام کے پاس آپشنز محدود تھے۔

آٹو پالیسی میں نئے آ نے والوں کو بڑے پیمانے پر چھوٹ دی گئی ہے مگر اس دنیا میں حال ہی میں قدم رکھنے والوں کو بھی بہت سی مشکلات درپیش ہیں، خاص طور پر جس قسم کے مسائل پہلے موجود تھے نئے آنے والے اب بھی ان کا سامنا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں