آزادی مارچ: جے یو آئی (ف)، پی پی پی میں اہم ملاقات آج ہوگی


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ سیکرٹری جنرل نئیر بخاری کو رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی نے ٹیلیفون کیا۔

جے یو آئی ف کے وفد میں مولانا غفور حیدری، اکرم درانی اور دیگر رہنماء شامل ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے نئیر بخاری، مصطفٰی نواز کھوکھر اور قیوم سومرو موجود ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات نئیر بخاری کی رہائش گاہ پر ہوگی جس کے دوران آزادی مارچ سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت ہوگی۔

خیال رہے کہ پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 31 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی حمایت مسلم لیگ نواز بھی کرچکی ہے۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے معاملے پر فضل الرحمان اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے اور یہ معاملہ ٹھیک ہو جائے گا۔

ننکانہ صاحب کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ 23 سے 26 اکتوبر کے درمیان آزادی مارچ پر اپنی رائے دوں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، ان سے کہوں گا کہ ایک طرف کھیل لیں۔


متعلقہ خبریں