ہشیار: ملبہ دکھا تو عمارت اور کچرا نظر آیا تو دکان سیل، وزیراعلیٰ سندھ

جزائر کیلیے این او سی نہیں دیا، ہمت ہے تو ایک انچ زمین لیکرجائیں: وزیراعلیٰ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر سڑک پر ملبہ نظرآیا عمارت اور کچرا دکھا تو دکان کو سیل کردوں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑک سے عمارات کا ملبہ اٹھانا بنیادی طور پر بلڈرز کا کام ہے لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتا ہے تو پھر اس کے لیے لازم ہے کہ وہ حکومت سندھ کو اسے اٹھانے کے اخراجات ادا کرے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات شہر قائد سے کچرا اٹھانے کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزرا، مشیران اور دیگر متعلقہ حکام نے  شرکت کی اور صوبائی و شہری حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا 21 ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے شرکا کو یہ بتا کر ورطہ حیرت میں ڈال دیا کہ پورے ضلع میں ایک بھی کچرا کنڈی نہیں ہے حالانکہ 51 یوسیز ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک ضلع وسطی سے 54000 ٹن کچرا جی ٹی ایس تک پہنچایا گیا ہے جب کہ 32000  ٹن کچرا لینڈ فل سائیٹ پر بھیجا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر نے کہا کہ بھینس کالونی کی صفائی سب سے بڑا چیلنج تھا جس پر بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھینس کالونی کی اہم سڑک پر درخت لگا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نواب وسان نے اس موقع پر بتایا کہ ملیر میں واٹر بورڈ کا بھی مسئلہ ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے۔

ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 90 فیصد جمع شدہ کچرے کو اٹھا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں 70000 ٹن کچرا جمع تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 62000 ٹن کچرا جی ٹی ایس پہنچایا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزیرشبیر بجارانی نے شکایت کی کہ ڈی ایم سی غربی والے نہ تو صفائی کا کام کررہے ہیں اور نہ اس ضمن میں تعاون کررہے ہیں۔

لاہور میں صفائی کرنے والی ترک کمپنی کو کراچی میں کام کی پیشکش

سید مراد علی شاہ نے شکایت سننے کے بعد صوبائی وزیربلدیات کو ہدایت کی وہ فوری طور پر ڈی ایم سی غربی کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

آصف اکرام ڈی جی ایس ایس ڈبلیو ایم اے نے وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر شرکائے اجلاس کو بتایا کہ سولڈ ویسٹ نے اب تک 223000 ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کچھ لوگ خواہ مخواہ جاری صفائی مہم پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی کے 31 یوسیز چیئرمین صفائی کے کام کی تعریف کر رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع شرقی میں ایک ایونٹ کرکے ذرائع ابلاغ کو مکمل بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گڈاپ یوسی 31 میں ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ میں اس علاقے کو صاف ستھرا دیکھوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں پولیو کے بھی مسائل ہیں۔

جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے صوبائی وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تفویض کردہ علاقوں میں ہونے والی صفائی ستھرائی مہم کی ازخود مانیٹرنگ کریں اور اس کو مزید بہتر بنائیں۔

اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنر کورنگی نے دعویٰ کیا کہ 31 میں سے 21 یوسیز میں صٖفائی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں کچرا کنڈیاں نصب کررہے ہیں اور درخت بھی لگا رہے ہیں۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ شاہراہ فیصل کو دھونے جارہی ہے۔

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی رینجرز کے حوالے کیا جائے، حلیم عادل

دلچسپ امرہے کہ گزشتہ سالوں میں کچرے کے حوالے سے ملک گیر ’شہرت‘ حاصل کرنے والے روشنیوں کے شہر کراچی کی قیام پاکستان کے وقت سڑکیں روزآنہ کی بنیاد پر دھلا کرتی تھیں اوریہ سلسلہ 70-60 کی دہائی تک کسی نہ کسی شکل میں برقرار بھی تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے جائزہ اجلاس میں ہدایت کی کہ ڈی سیز کمیونٹی کو مشغول کریں تاکہ صفائی کو ایک روزآنہ کا معمول بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں سے بھی صفائی ہو جائے وہاں کا یوسی چیئرمین اس کو اون کرے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ کورنگی میں 280 کچرا کنڈیاں بنائی جائیں۔

انہوں نے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کو ہدایت کی کہ جس علاقے میں بھی گٹرابل رہے ہیں ان کو فوراً صاف کیا جائے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرزسے کہا کہ وہ صفائی مہم کے ساتھ ساتھ پولیو مہم میں ھی بھرپور حصہ لیں اورٹارگٹس پورے کریں۔

جائزہ اجلاس کو ڈپٹی کمشنر جنوبی نے بتایا کہ علاقے سے 19000 ٹن کچرا جی ٹی ایس پر بھیجا ہے جب کہ 9500 ٹن لینڈ فل سائیٹ پر منتقل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلفٹن بلاک ٹو کو صاف کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ آپ بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ضلع جنوبی مکمل طور پرصاف چاہیے۔ انہوں نے ڈی سی سے کہا کہ لیاری میں گٹروں کی صفائی اور نکاسی آب کے مسائل حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے تمام نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔

کلین کراچی مہم کے باوجود زمینی صورت حال بدل نہ سکی

سید مراد علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر جنوبی سے کہا کہ ضلع میں بہت سے کمرشل ایریاز ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں پابند کیا جائے کہ وہاں سڑکوں پہ کچرا نہ پھینکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے سڑکوں پہ مٹی بھی دکھائی نہ دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود دورے پہ نکل کر جائزہ لیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جائزہ اجلاس میں کہا کہ اگر مجھے سڑکوں پر ملبہ نظر آیا تو اس عمارت کو سیل کردوں گا۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ دکان کے سامنے ڈسٹ بن رکھیں اور اگر کچرا پھنکیں تو اس دکان کو سیل کردیں۔


متعلقہ خبریں