سینیٹ کے ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کی نااہلی سے سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب آج جمعرات کو ہورہا ہے۔

اس نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف اور تحریک انصاف کی رہنما زرقا سہروردی تیمور میں مقابلہ ہورہا ہے۔

پیپلزپارٹی اور ق لیگ نے اپنا  کوئی امیدوار مقابلے میں شامل ہی نہیں کیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے  انتخابی عمل میں ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

پولنگ کے دوران پنجاب اسمبلی کے اسٹاف کی ایوان میں داخلے پر پابندی ہے اور پولنگ کے لیے اراکین اسمبلی کو نئے کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔

368 اراکین پنجاب اسمبلی میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ریٹرنگ آفیسر الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ کی نگرانی میں انتخابی عمل کا سلسلہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیے اراکین اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔

ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف کا شمار شریف برادران کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

ڈاکٹر اسد اشرف 21 جون 1963 کو لاہور میں پیدا ہوئے، اسد اشرف نے 1986 میں علامہ اقبال میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی اور 1994 میں کراچی یونیورسٹی سے کارڈیالوجی میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ حاصل کیا۔

اسد اشرف نے بطور ماہر نفسیات سروسز اسپتال لاہور میں خدمات انجام دیں۔ 1997 سے 1999 تک اسد اشرف بطور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب خدمات سرانجام دیتے رہے اور 2002 اور 2008 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اسد اشرف کو 2008 میں پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے عدلیہ مخالف تقریر پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو دھمکی آمیز تقریر اور توہینِ عدالت کیس میں پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا۔ نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔ نہال ہاشمی گزشتہ روز اپنی سزا مکمل کرکے رہا ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں