گجرات: ریلوے لائن پر سیلفی لیتے ہوئے دو دوست ریل گاڑی کی زد میں آ گئے ۔
سیلفی لینے کے شوق نے مزید دو گھروں میں کہرام برپا کر دیا ہے، گجرات سے تعلق رکھنے والے دو دوست ریلوے لائن پر سیلفیاں بناتے ہوئے ریل کی زد میں آ گئے جس کے باعث ایک نوجوان موقع پر جاں بحق جب کہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نعش اور زخمی کو عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت زعیم شاہ جب کہ زخمی کی مبین کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی پتوکی میں سیلفی لینے کے دوران 24 سالہ نوجوان دریا میں ڈوب گیا تھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 24 سالہ عدیل لاہور صدر کینٹ کا رہائشی تھا جو فیملی کے ساتھ چھٹی منانے آیا تھا۔
اس سے قبل 15 جولائی کو وادی سوات کے سیاحتی مقام بحرین کی سیر کرنے آئے کراچی تعلق رکھنے والے شخص اور ان کی بیٹی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق 17 سالہ اریش کا سیلفی لیتے ہوئے پاؤں لڑکھڑایا اور وہ دریا میں جا گری جس کو بچانے کے لیے والد نجیب شجاع نے بھی دریا میں چھلانگ لگا دی۔
حادثے کے بعد مقامی افراد نے باپ بیٹی کی تلاش شروع کر دی، نجیب شجاع کی لاش گریگلن اسٹاپ کے قریب دریا سے مقامی نوجوانوں نے ڈھونڈ نکالی جبکہ بعد ازاں لڑکی کی لاش بھی مل گئی تھی۔