برینڈن میکلم کے ہتھیار نہ چل سکے، قلندرز کو تیسرے میچ میں بھی شکست


دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے آٹھویں اور اہم میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود قلندرز 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 132 رنز پر ہمت ہار گئے۔

میچ کے آغاز میں قلندرز بلے باز سنیل نارائن اورکپتان برینڈن میکلم میدان میں آئے۔ پہلے اوورکی دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن بغیر کھاتہ کھولے عثمان خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان برینڈن میکلم اور فخر زمان نے کریز سنبھالی اورساتویں اوور میں اسکور کو 70 رنز تک پہنچا دیا۔

دوسری وکٹ فخر زمان کی گری جو 19 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان برینڈن میکلم نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

قائد کے پویلین لوٹنے کے بعد قلندرز کی ٹیم ہمت ہار گئی۔ کھلاڑی ایک کے بعد ایک آوٹ ہونے لگے۔

لاہور کی جانب سے عمر اکمل چھ، سہیل اختر نو، آغا سلمان 15، دینیش رام دین گیارہ اور یاسر شاہ چھ رنز ہی بنا سکے۔

کراچی کی طرف سے شاہد آفریدی اور عثمان خان نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے پہلے کراچی کنگز کی ٹیم  میدان میں آئی تو آغاز میں بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

روی بوپارا اور جو ڈینلے کی شاندار اننگز کی بدولت کراچی کنگزمقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر159 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

جو ڈینلے نے جارحانہ انداز میں اننگ کا آغاز کیا۔ اوپنر بلے باز 36 کے مجموعی اسکور پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ڈینلے یاسر شاہ کی گیند پر سنیل نارائن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔

کنگز کی دوسری اور تیسری وکٹ 36 کے ہی ٹوٹل پر گری۔ بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کریز پر پہلے سے موجود خرم منظور بھی آٹھ رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

خرم منظور کے لوٹ جانےکے بعد روی بوپارا نے کولن انگرام کے ساتھ مل کر میدان سنبھالا اور زمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو اچھے ٹوٹل کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔

چوتھی وکٹ کولن انگرام کی گری۔ بلے باز 28 رنز بنا کر 86 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر دو فیلڈرز(شاہین آفریدی،عمر اکمل) کو کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔

کنگز کی جانب سے محمد رضوان ایک، عماد وسیم 15 اور شاہد آفریدی چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 117 تھا۔ اس موقع پر روی بوپارا نے محمد عرفان کے ساتھ مل کر کھیل کا سنبھالا دیا اور ٹوٹل کو 159 رنز تک پہنچا دیا۔

19.4 اوورز پر روی بوپارا کا انفرادی اسکور 42 تھا۔ 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر روی بوپارا نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن دو اسکور بنا سکے۔

اوور کی آخری گیند پر انہوں نے شاندار چھکا مار کر نصف سنچری اپنے ریکارڈ کا حصہ بنائی۔


متعلقہ خبریں