دبئی: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
132 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی ٹیم میدان میں آئی تو مطلوبہ ٹارگٹ پانچ وکٹوں کے نقصان پرآخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلے 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بابر اعظم 28 اور کولن انگرام 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
میچ کے آغاز میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے۔
Fantastic knock of 71 runs from Dwayne Smith and we have ended up on 131/9 from our 20 overs against @KarachiKingsARY. Do you think we can defend this total? #YellowStorm #HumZalmi #HBLPSL #KKvPZ pic.twitter.com/rMcq8CKlWI
— Peshawar Zalmi (@PeshawarZalmi) February 25, 2018
زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور کامران اکمل میدان میں آئے تو خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
کامران اکمل ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ 27 کے ٹوٹل پر گری۔ اوپنر بلے باز تمیم اقبال گیارہ رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوائن سمتھ میدان میں آئے تو کنگز بالر کے سامنے مزاحمت کرتے ہوئے 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چھکے اور چار چوکے اپنے ریکارڈ میں لکھوائے۔
زلمی کی جانب سے محمد حفیظ سات، حارث سہیل ایک، ابتسام شیخ دو، ڈیرن سیمی دو، کرس جورڈن ایک اورعمید آصف سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی بالرز کی جانب سے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کراچی کنگز نے اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دی تھی۔
زلمی افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کر چکی ہے۔ پشاور زلمی نے اپنے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 34 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔