نصرت سحر کا امتیاز شیخ پر ایوان میں ٹافی کھانے کا الزام


کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر نے آج سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن  امتیاز شیخ پر ایوان میں ٹافی کھانے کا الزام عائد کردیا۔ 

آج سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب نصرت سحرعباسی نے کہا کہ امتیاز شیخ ایوان میں بیٹھ کر ٹافیاں کھاتے ہیں۔

اس پر امتیاز شیخ نے جواب دیا کہ ان کے پاس کچھ پوچھنے کو نہیں بس بہانے تلاش کرتی ہیں۔

یہ جواب سن کر نصرت سحر عباسی نے بے ساختہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ’’اوئی اللہ اتنا جھوٹ! ریپر سمیت ٹافی کھاگئے۔‘‘ نصرت سحر عباسی نے پھر اسپیکر سے مخاطب ہوکراستفسا کیا کہ ’’ سر ایوان میں کھانے پینے کی اجازت ہے کیا؟‘‘

اسپیکر آغا سراج درانی نے جواب دیا یہاں ایوان میں  چھالیہ، سپاری، گٹکا، ٹافی کھانا منع ہے۔ کوئی لالی پاپ کھائے یا چاکلیٹ باہر جاکر کھائے۔

نصرت سحر عباسی نے اپنی بات کو پھر دہراتے ہوئے کہا ’’اللہ یہ تو ریپر سمیت ٹافی کھاگئے ان کو اللہ دیکھے گا وہاں تو جواب دیں گے جھوٹ بول رہے ہیں۔

اس پر امتیاز شیخ نے کہا  آپ ایک سوال کریں اوربیٹھیں۔

نصرت سحر نے کہااسپیکر کو مخاطب کرکے کہا میں انکے کہنے پر نہیں بیٹھوں گی آپکے کہنے پر بیٹھوں گی ۔

آغا سراج درانی نے کہا اچھا میرے کہنے پر بیٹھیں آخر آپ دونوں کا پرانا تعلق ہے ،دونوں فنکشنل لیگ میں رہے ہیں۔

امتیاز شیخ نے جواب دیا سر پرانا تعلق ہے میرے کہنے پر کیسے نہیں بیٹھیں گی۔ اس مکالمے سے ایوان کشت زعفران بن گیا اور ہال میں قہقہے گونجتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں:نصرت سحر عباسی کے بلاول پر طنز کے تیر


متعلقہ خبریں