تھینک یو سپریم کورٹ! ن لیگ کے خلاف اقدامات مقبولیت کا سبب بن رہے ہیں، احسن اقبال

امریکہ اور یوروپین ممالک کی ذمہ داری ہے کہ امن کی کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دیں:احسن اقبال


لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے خلاف جتنے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ مقبولیت میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کے دشمن ملک کو کمزور کرنے کے لئے اوورٹائم لگارہے ہیں۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف سرجیکل اسٹرائیک ہورہی ہیں تو دوسری طرف سیاسی سرجیکل اسٹرائیک کی جارہی ہے اور ایسے اقدامات سے سیاست میں ٹارگٹ کلنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ آئین پارلیمنٹ کے بطن سے جنم لیتا ہے ، وزیراعظم اور سپریم کورٹ کے جج  کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی کرتی ہے لہذا اس کی سپریم حیثیت تسلیم کرنی چاہیئے۔

انھوں نے کہا کہ جون میں ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ آئے گا اس سے قبل کچھ کہنا ٹھیک نہیں ہو گا اور ساتھ ہی یاد کرایا کہ 2015 تک پاکستان واچ لسٹ میں تھا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ چار سالوں میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں، اقوام متحدہ کی تجاویز پرعملدرآمد کو بھی یقینی بنانا ہو گا۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان عدم اعتماد سے نہ صرف دونوں ممالک کو نقصان ہو گا بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کوششیں بھی متاثر ہوں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے جمہوریت کو غیر مستحکم نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئےکہا کہ پاناما کیس کو سیاست کا ذریعہ بنانے سے دنیا کو غلط تاثر گیا۔


متعلقہ خبریں