اکادمی ادبیات پاکستان سے فیض ،غالب اور فراز کے پورٹریٹ ہٹانے کی تحقیقات کرائیں، رضا ربانی


اسلام آباد:  سابق چئیرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹر میاں رضا ربانی نے اکادمی ادبیات پاکستان کی گیلری سے مشہور شعراء فیض احمد فیض ،مرزا اسد اللہ خان غالب اور احمد فراز کے پورٹریٹ ہٹانے کی شدید مزمت کی ہے۔

ایک خط میں انہوں نے سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات کے سربراہ سے اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے  عظیم ادبی شخصیات کے پورٹریٹ ہٹانے کو حکومت وقت کی جانب سے خوفناک اور متکبرانہ  عمل  قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تخلیق اور سیاسی بلوغت اور  ترقی میں ان عظیم  ادیبوں اور شعراء کا بڑا اہم کردار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نوٹر یڈیم فرانس کی تاریخ، ادب اور تشخص ہے، فرانسیسی صدر

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی افق پر بھی ان عظیم شعراء اور ادیبوں کا گہرا سایہ ہے۔ ربانی نے کہا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ اگر کسی قوم کو نیست و نابود اور اندر سے کمزور کرنا ہو تو اس ملک کی لائبریریاں جلا ڈالیں اور یہ سب کچھ موجودہ حکومت کر رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسٔلے کی فوری تحقیقات کرائی جائے اورذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔


متعلقہ خبریں