ایم ٹی آئی آرڈیننس 6میڈیکل یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیاہے، عثمان بزدار

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ اہسپتالوں کی انتظامی حالت بہتر بنانے کے لیے “پنجاب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز ریفارمز آرڈیننس” پہلے مرحلے میں 6 میڈیکل یونیورسٹیوں میں نافذ کیا گیاہے ۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ان اصلاحات سےاسپتالوں کا نظام بہتر ہو گا، فیصلہ سازی کا عمل تیز ہوگا، پروفیشنلز کو بہتر ٹریننگ اور عوام کو بہتر علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ‏افواہوں کے بر عکس اسپتال اور عملہ بدستور سرکاری ہی رہیں گے اور حکومت پہلے کی طرح ہی مفت علاج کی سہولیات کے لیے ان اداروں کو بجٹ فراہم کرتی رہے گی۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اسپتالوں کو چلانے کے لیے بہترین افراد کے چناؤ کے لیےحکومت ایک ‘سرچ کمیٹی’ بنائےگی۔ایک  ‘صوبائی پالیسی بورڈ’ بھی تشکیل دیا جائےگا۔ ‏پنجاب MTI آرڈیننس ایک سال کے بھرپور ہوم ورک کے بعد مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی مسودوں میں ناصرف ڈاکٹرز سمیت متعلقہ پروفیشنلز کی مشاورت اور رائے کے مطابق بلکہ خیبر پختونخوا کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ تبدیلیاں کی گئیں۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اس قانون کے تحت ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ ہو گا اور انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ساری سہولیات دستیاب ہوں گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے  پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے ایم ٹی آئی آرڈینس 2019 پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ عمران صاحب ایم ٹی آئی آرڈیننس 2019 سرکاری ہسپتالوں پہ حملہ ہے جو آپ کو ٹی وی سے پتہ چلے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایم ٹی آئی آرڈیننس 2019 سرکاری ہسپتالوں میں غریبوں سے پیسے بنانے کا آرڈیننس ہے۔ ایم ٹی آئی آرڈیننس 2019 آنے کے بعد سرکاری اسپتالوں میں غریبوں کے لئے مفت ٹیسٹ، دوائی، اور علاج ختم ہوجائیگا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا ’’عمران صاحب آپ کو کل پھر ٹی وی سے پتہ چلے گا کہ ایم ٹی آئی آرڈیننس ۲۰۱۹ غریب لوگوں کے ساتھ ظلم ہے۔ خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں ایک بہتری دکھائیں جو پانچ سالوں میں آئی ہو سوائے آپ کے رشتے داروں اور دوستوں کو نوکری ملنے کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا اگر خیبرپختونخواہ کے ہسپتالوں میں بہتر آئی ہوتی تو پاکستان تحریک انصاف کی 2018 الیکشن کیمپین میں پنجاب کے ہسپتال نہ دکھائے جاتے۔ ‎پنجاب کے عوام سے مفت ٹیسٹ ، علاج اور دوائیاں پہلے ہی چھین لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پنجاب  میں ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف  کی سرکاری حیثیت ختم


متعلقہ خبریں