یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا کشمیر میں کرفیو ختم کا مطالبہ

مسئلہ کشمیر پر یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

اسلام آباد: یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی نے بھارت کو کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور معمولات زندگی بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس آج برسلز میں ہوا۔ اجلاس میں بھارت سے کشمیر میں لوگوں کی ادویات اور خوراک کا فوری بندوبست کرنے اور بھارت کو ہر صورت مذاکرات کی میز پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

خارجہ امور کمیٹی نے کہا کہ ہم اقوامِ متحدہ کے ذریعے اور براہِ راست بھارت پر بھی دباؤ ڈالیں گے کہ فوری طور پر کشمیریوں کی بحالی کے لیے اقدام کرے اور ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کی ایک آواز ہو جائے تو ہم اس ایک آواز کے مطابق کام کریں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں بھارت کی جانب سے 5 اگست کے غیر آئینی اقدام اور اس کے بعد مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی پر غور کیا گیا۔

دوسری جانب یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے اپنے خارجہ امور کے دفتر سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رپورٹ طلب کر لی۔

کمیٹی کی جانب سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس سے کہا گیا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

واضح رہے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آج برسلز پہنچنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر کے غیور عوام اپنا لہو دے کر بھی آزادی کی شمع کو بجھنے نہیں دے رہے۔

راجہ فاروق حیدر نے دوران ملاقات یورپی اراکین پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر اور وہاں پیدا شدہ صورتحال کی بابت آگاہ کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بات چیت میں زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر دراصل کشمیری عوام کے جمہوری حق اور دنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازعے کا مسئلہ ہے۔

امریکہ: صدارتی امیدوار برنی سینڈرز بھی کشمیریوں کی حمایت میں بول پڑے

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں اس کا بین ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے دن ہی مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مودی حکومت تاریخ سے انکار نہیں کرسکتی اور محض طاقت کے زعم میں مقبوضہ وادی کو ہضم نہیں کرسکتی۔


متعلقہ خبریں