لاہور انتظامیہ سے مذاکرات ناکام، نانبائی سڑکوں پر آگئے


لاہور:  روٹی کی قیمت پر لاہور انتظامیہ سے مذاکرات  ناکام  ہونے  کے  بعد تندور مالکان اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔

نانبائی ایسوسی ایشن نے سات روپے میں روٹی فروخت  کرنے سے صاف انکار کر دیا۔  تندور مالکان نے ناصر باغ  سے ضلع کچہری تک ریلی نکالی، جہاں پہنچ کر  انہوں نے دھرنا دے دیا۔ ضلع کچہری کے سامنے تندور مالکان کا درنا جاری ہے۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر رکھے تھے  جن پر مطالبات درج تھے کہ سادہ روٹی کی قیمت بڑھاو، چھ روپے روٹی کی قیمت نامنظور، نامنظور۔

لاہور شہر میں  نانبائیوں نے صبح سے ہڑتال کر کے تندور بند کر رکھے ہیں۔ شہر میں تندور بند ہونے کی وجہ سے نان اور روٹی کی تلاش میں شہری خوار ہو کر رہ گئے۔

یہ بھی پرھیں: نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں چار روپے اضافے کی ٹھان لی

دو روز قبل کمشنر لاہور سے مذاکرات میں نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت سات روپے کرنے کی  پیشکش مسترد کر دی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تندور مالکان کو سبسڈی فراہم کرے تو روٹی کی مقررہ قیمت برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ سبسڈی سے مہنگائی کے مارے عوام کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔ تندور مالکان کا مطالبہ ہے کہ سادہ روٹی کی قیمت 10 روپے مقرر کی جائے۔


متعلقہ خبریں