اسلام آباد: ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسمارٹ فونز بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’’ ایپل ‘‘ مبینہ طور پر صارفین کی نجی نوعیت کی ریکارڈنگ سننے میں ملوث ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی نے ایک معاہدے کے تحت ایسے افراد کو ملازمت دی جن کا کام ’سری‘ کے ذریعے ایپل صارفین کی ریکارڈنگ کو سننا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن صارفین کی نجی معلومات افشا کی گئیں ان کا تعلق آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ سے ہے اور ایپل نے اس کے لئے چند ممبران پر مشتمل ٹیم کو یہ کام سونپا تھا۔
دوسری جانب ایپل نے مؤقف اپنایا ہے کہ وہ صارفین کی ریکارڈنگ محض سری کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سنا کرتے تھے تاہم کمپنی نے یہ بات واضح نہیں کہ کیسے ان کے ملازمین صارف کی مرضی کے بغیر ان کی ریکارڈنگ کو سنتے رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایپل نے اپنے ’فیس ٹائم سافٹ ویئر‘ میں موجود خرابی کا اعتراف کیا تھا جس کے باعث بعض اوقات کال وصول کرنے والے کے آئی فون سے اس کی لاعلمی میں ویڈیو بھی چلی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ایپل کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر کی خرابی دور کرنے کے لیے اپڈیٹ تیار کرلی گئی ہے جو بہت جلد صارفین تک پہنچ جائے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق اس مسئلے کی سب سے پہلے نشاندہی ’نائن ٹو فائیو میک بلاگ‘ نامی ویب سائٹ نے کی تھی۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ صورتحال اس وقت درپیش ہوتی ہے جب دونوں صارفین ایپل کا 12.1 یا اس سے نیا آپریٹنگ سسٹم استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔
نائن ٹو فائیو میک بلاگ کے مطابق یہ مسئلہ اس وقت درپیش ہوتا ہے جب کال پر دو صارفین موجود ہوتے ہیں اور موجود خرابی کے سبب گروپ میں بات کرنے والا فنکشن آن ہو جاتا ہے۔
فیس ٹائم سافٹ ویئر میں موجود خرابی کال نہ اٹھانے کی صورت میں بھی کال وصول کرنے والے کا مائک آن کردیتی ہے اور صورتحال اس وقت اور پیچیدہ ہوجاتی ہے جب متعدد گھنٹوں کے بعد کال ڈراپ ہونے تک دوسری طرف سے آواز آتی رہتی ہے۔