سینیٹ میں ناکامی، پیپلزپارٹی کا اپنے سینیٹرز کیخلاف بڑا فیصلہ

سینیٹ میں ناکامی، پیپلزپاٹی کا اپنے سینیٹرز کیخلاف بڑا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: ایوان بالا میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے والے باغی سینیٹرز کی تلاش کے لیے کوششیں مزید تیز کردی ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی ارکان سے دباؤ یا مبینہ کالز سے متعلق تفصیلات اور معلومات حاصل کی جائیں گی۔

پیپلزپارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی زیرصدارت ہوا جس میں نیئر حسین بخاری، فرحت اللہ بابر، راجا پرویز اشرف اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔

اطلاعات کے مطابق کمیٹی نے ارکان سینیٹ کی جانب سے وفاداریاں تبدیل کرنے کے معاملے کی تہہ تک جانے کا فیصلہ کیا۔

کمیٹی پارٹی ارکان سے پوچھ گچھ کرے گی اور ضرورت پڑنے پرمبینہ کالز کی تفصیلات بھی طلب کی جاسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے دغا کرنے والے ارکان کا سراغ لگانے کیلئے ایک کمیٹی بنائی تھی۔

سینیٹ میں ناکامی کے بعد  پیپلز پارٹی کے تمام 21 سینیٹرز نےاپنے استعفے پارٹی چئیرمین کے پاس جمع کروائے تھے۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے کہا تھا کہ وہ پارٹی کے وفادار ہیں،  پارٹی چیئرمین جب چاہیں انکے استعفےسینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروائیں۔


متعلقہ خبریں