کیویز شکست کھا کر بھی فائنل میں پہنچ گئے


آکلینڈ: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باوجود سہ ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلے گئے مختصر فارمیٹ کے مقابلے میں انگلش ٹیم نے کیویز کو دو رنز سے شکست دی۔

سہ ملکی سیریز کے اہم مرحلے میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم اننگ کا آغاز کرنے میدان میں آئی تو مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان اوون مورگن نے چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

ڈیوڈ میلن پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز میدان میں آئے تو اوپنر بلے بازوں کی مزاحمت کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکے۔

اوپنر مارٹن گپٹل 62 اور کولن منرو 57 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

کیویز کی ٹیم دو رنز کی شکست کے باوجود فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی۔

تین ملکی سیریز میں میزبان نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے حصہ لیا۔

اسکور بورڈ پر آسٹریلیا آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا نے سیریز کے دوران کھیلے گئے چاروں میچوں میں فتح حاصل کی۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو تین تین میچز میں شکست اٹھانی پڑی، دونوں ٹیمیں چار، چار میچز میں سے صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کر سکیں۔

دونوں ٹیموں کے پاس دو دو پوائنٹس موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ نے رن ریٹ میں برتری کی بنا پر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

سیریز کا فائنل 21 فروری کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے مابین آکلینڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں