’رہنما چوری کرے تو لوگ پیروی کرتے ہیں‘



سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اگر رہنما چور ہو تو اس کے پیروکار بھی چوری کرتے ہیں۔ ایسی قیادت گھر گھر میں ڈاکو اور چور پیدا کرتی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نظریات اور ایمان کی طاقت سے پاکستان میں تبدیلی لا کر رہیں گے۔ میں پہلے جس قیادت کے ساتھ تھی وہ اپنی ذات سے شروع ہو کر اپنی ذات پر ہی ختم ہو جاتی تھی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان قائداعظم کے سپاہی بن کر سامراجی نظام کے خلاف برسرپیکار ہیں اور ملک سے اس نظام کو ختم کرنا ان کی فتح ہے، وزیراعظم نا صرف سامراجی نظام  بلکہ سامراجی بیانیے کو بھی شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں موجود بدعنوان عناصر کو 5 سال میں مکمل شکست سے دوچار کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو ورثے میں تاریخ کا بدترین خسارہ ملا ہے۔ گزشتہ 10 برس میں پنجاب کا بجٹ شدید خسارے میں چلا گیا ہے۔ پنجاب میں نئی حکومت کو ڈیفالٹ بجٹ ملا جبکہ گزشتہ سال پنجاب کا بجٹ ریکارڈ خسارے میں گیا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لیے صنعت کا پہیہ چلنا بہت ضروری ہے۔ چین نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی موقف کی تائید کی اس پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

کشمیر کی صورت حال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا دہشت گرد چہرہ دنیا بھر کے سامنے آ چکا ہے۔ ہم خطے میں جنگ نہیں چاہتے مگر مودی نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے زمینی اور مواصلاتی رابطے دنیا بھر سے منقطع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان  میں 14 اگست کو کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں