پی ٹی آئی کی خواتین ارکان اسمبلی کی حزب اختلاف پر تنقید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خواتین ارکان اسمبلی نے حزب اختلاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین کا قتل کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں خواتین سے زیادتی ہوتی ہے، تب اپوزیشن کو غیرت کیوں نہیں آتی؟

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ان کی غیرت کہاں گئی تھی جب تھر میں بچے مر رہے تھے؟ ان کی غیرت کہاں جاتی ہے جب بچے ایڈز کا شکار ہوجاتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ کہاں جاتی ہے ان کی غیرت جب 13 ہزار اسکولوں میں اساتذہ نہیں ہوتے اور کراچی میں 22 بچے کرنٹ لگنے سے مر جاتے ہیں؟

عالیہ حمزہ نے کہا کہ کل سب نے پارلیمنٹ میں دیکھا کہ کیا ہوا، آئندہ بلاول کو بولنے سے پہلے سوچنا ہوگا، اس چابی والے کھلونے کو کبھی کوئی چلاتا ہے کبھی کوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کے اکاؤنٹ میں پیسے کہاں سے آتے ہیں؟ اپنے گیارہ ملین شئیرز سے یہ کیوں انکاری ہیں؟ پہلے آصف علی زرداری نے انہیں گھسیٹنا تھا، اب یہ دونوں حاجی کیسے بن گئے؟

عالیہ حمزہ نے کہا کہ میرے وزیراعظم پر روز کشمیر کا سودا کرنے کا الزام لگاتے ہیں، عمران خان نے کشمیریوں کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور انشاءاللہ ان ہی لی رہنمائی میں کشمیر آزاد ہوگا۔


متعلقہ خبریں