مٹھی : صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھرپارکر میں ہونے والا نو عمرسائنسدانوں کا میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔
تھر پارکر کے شہر مِٹھی میں مختلف اسکولوں کے نو عمربچوں کا دو روزہ سائنسی میلہ منعقد ہوا۔ میلے میں بچوں نے مختلف سائنسی تجربات کیے اورتخلیقی نمونے پیش کیے۔
سائنسی میلے کا انعقاد مختلف غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے ضلع مٹھی کے بینظیرکمپلیکس میں کیا گیا۔ 14 سے 15 فروری تک جاری رہنے والے میلے میں شہر کے 50 سے زائد پرائمری اسکولوں کے بچوں نے حصہ لیا۔
بیشتربچوں کی جانب سے نمائش کے لیے پیش کیے جانے والے منصوبے توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبے سے تھے۔
ایک طالب علم پیوش کمار نے عالمی تپش کے موضوع پر اپنا پراجیکٹ پیش کیا۔ طالب علم کا تعلق تھر کے امرجگدیش مالانی اسکول سے تھا۔
نو عمر بچوں کے ایک گروہ نے پانی سے بجلی پیدا کرنے کا ماڈل تیار کیا۔ بچوں کا کہنا تھا کہ ماڈل سے حاصل ہونے والی بجلی انتہائی کم قیمت اورماحول دوست ہے۔
میلے میں حصہ لینے والے اسکولوں کی انتظامیہ نے حکومت سے تھر میں اس نوعیت کے مزید پروگرام کروانے کا مطالبہ کیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس سے بچوں کواپنی قابلیت دکھانے اور سائنسی میدان میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔