کراچی:موجودہ کرکٹ کی چکا چوند میں صرف کرکٹرز پر ہی دولت کی برسات نہیں ہورہی بلکہ اس بہتی گنگا میں امپائرز بھی اچھی طرح سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
کرکٹرز ہی نہیں امپائرز بھی موجودہ کرکٹ میں دولت کی ریل پیل سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل امپائرز سالانہ 35 سے45 ہزار ڈالرز کما تے ہیں جبکہ میچ سپر وائز کرنے کی فیس الگ ملتی ہے۔
امپائر کے لیے فی ٹیسٹ میچ فیس3000 ڈالر ہےجبکہ ایک ون انٹرنیشنل میچ سپروائز کرنے کے لیے2200 ڈالر ز ملتے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں فی میچ 1000 ڈالرز امپائر کی جیب میں جاتے ہیں۔
اس طرح ایک امپائر سال میں 10 ٹیسٹ اور 10 سے 15 ون ڈے میچز میں ذمہ داری انجام دے تو صرف فیس کی مد میں 46 ہزار ڈالر تک مل جاتے ہیں جبکہ سالانہ فیس اس کے علاوہ ہے۔
مہنگے ہوٹلز میں قیام اوربزنس کلاس میں سفر بھی انکی ڈیل میں شامل ہوتا ہے،پھر دنیا بھر میں ہونے والی لیگز میں بھی یہ امپائرز شریک ہوتے جہاں انہیں منہ مانگے پیسے دیے جاتے ہیں۔
صرف انڈین پریمیئر لیگ میں امپائرز کو فی میچ 2500 ڈالر فیس ملتی ہے۔ اس میں سفر بزنس کلاس اور قیام لگژری ہوٹلز میں ہوتا ہے۔امپائرز کو ذہنی اور فزیکلی فٹ ہونا ضروری ہوتا ہے جسکے لیے انہیں باقاعدگی سے میڈیکل ٹیسٹ دینا پڑتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: دنیائے کرکٹ کا مہنگا ترین کوچ کون؟