مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا

فوٹو: فائل


کراچی: ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل جمعہ کو ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو بعد نماز عصر محکمہ موسمیات آفس کراچی میں ہو گا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مفتی منیب الرحمان کریں گے۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ کو ذوالحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کو ذوالحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ جس کے بعد عیدالضحیٰ 12 اگست کو ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل غروب آفتاب کے بعد چاند 53 منٹ تک دیکھا جا سکے گا اور چاند کی عمر 35 گھنٹے 29 منٹ ہو گی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے عیدالضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 12 سے 15 اگست تک عید کی تعطیلات ہوں گی اور 17 اگست بروز ہفتہ کو سرکاری ادارے کھلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں قمری کیلنڈر کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں، فواد چوہدری

اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے سائنسی بنیاد پر 12 اگست کو عید الضحیٰ کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو چند افراد پر بھروسہ کرنے کی بجائے سائنس اور جدید ٹیکنالوجی پر اعتماد کرنا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں