اسلام آباد: قومی کرکٹر حسن علی کے بعد آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھی شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عماد وسیم برطانوی نژاد پاکستانی ثانیہ اشفاق کو اپنی دلہن بنائیں گے جبکہ شادی کی تقریب 26اگست کو اسلام آباد میں ہو گی ۔
عماد وسیم کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، وہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عماد وسیم کی ثانیہ اشفاق سے لندن میں پہلی بار ملاقات ہوئی تھی جبکہ آل راؤنڈر کے اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
یاد رہے فاسٹ باﺅلر حسن علی بھی جلد شادی کرنے والے ہیں اور ان کی اہلیہ کا تعلق بھارت سے ہے۔
حسن علی نے اپنی ہونے والی اہلیہ کے لیے گوجرانوالہ کی نجی ہاؤسنگ اسکیم میں گھر بھی خرید لیا۔
ہم نیوز کے مطابق حسن علی شادی کے بعد اپنی اہلیہ شامیہ آرزو کو اسی گھر میں لے کر آئیں گے۔
نئے گھر میں نیا بستر، اے سی اور دیگر سامان بھی پہنچایا جاچکا ہے اور اپنی نگرانی میں مایہ ناز کرکٹر گھر کو سجا رہے ہیں۔
حسن علی نے نیا گھر ایک سال قبل خریدا ہے اور اسی میں اپنے بھائی کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔